کیلیفورنیا: واٹس ایپ صارفین کے لیے پرانی چیٹس یا پیغامات ڈھونڈنا اکثر وقت طلب مرحلہ بن جاتا ہے، تاہم اب میسجنگ ایپ اس مشکل کو کم کرنے کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہی ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے آئی فون صارفین کے لیے آزمائشی ورژن میں ایک نیا سرچ بٹن سامنے آیا ہے، جو صارفین کو چیٹ سے باہر نکلے بغیر براہِ راست سرچ موڈ تک رسائی فراہم کرے گا۔
فی الحال آئی فون پر کسی پرانے پیغام کی تلاش کے لیے صارف کو پہلے متعلقہ فرد یا گروپ کی چیٹ کھولنا پڑتی ہے، پھر اوپر موجود نام پر ٹیپ کرکے چیٹ انفارمیشن میں جانا ہوتا ہے۔ اس کے بعد سرچ آپشن منتخب کرنے پر پیغامات تلاش کرنے کا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔
اگرچہ موجودہ طریقہ کار کے ذریعے مطلوبہ پیغام تلاش کیا جاسکتا ہے، لیکن متعدد مراحل کی وجہ سے یہ عمل بعض صارفین کے لیے قدرے پیچیدہ محسوس ہوتا ہے۔ اسی مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ چیٹ اسکرین پر سرچ کی سہولت براہِ راست فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیا سرچ بٹن ہر وقت اسکرین پر دکھائی نہیں دے گا بلکہ چیٹ میں پرانے پیغامات کی جانب اوپر اسکرول کرنے کے دوران ظاہر ہوگا۔ اس طرح صارف کو چیٹ انفارمیشن کھولنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور وہ اسی اسکرین سے مطلوبہ پیغام تلاش کرسکے گا۔
یہ تبدیلی بظاہر معمولی دکھائی دیتی ہے، تاہم اس سے پرانے پیغامات تک رسائی حاصل کرنے کا عمل زیادہ تیز اور آسان ہونے کی توقع ہے۔
نیا فیچر فی الحال واٹس ایپ کے آئی فون بیٹا ورژن میں آزمائشی طور پر دیکھا گیا ہے، اس لیے ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے عام صارفین کے لیے کب جاری کیا جائے گا۔