سرحدوں کے تحفظ کیلئے تیار ہیں، آرمی چیف

سرحدوں کے تحفظ کیلئے تیار ہیں، آرمی چیف
کیپشن: آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آرمی ڈیفنس کور کے کردار کو سراہا۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی ائیر ڈیفنس سینٹر کراچی کا دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کو کرنل کمانڈر آف آرمی ڈیفنس کور کے بیجز لگائے۔

 

تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آرمی ڈیفنس کور کے کردار کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے  گدرا سیکٹر سندھ کے اگلے مورچوں اور تھرکول کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی جب کہ اگلے مورچوں پر آرمی چیف نے افواج کے مورال کو سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج وطن کی سرحدوں کے تحفظ و دفاع کیلئے تیار اور پوری طرح پرُعزم ہے۔ ملک میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہورہی ہے، تاجر، صنعتکاروں کو محفوظ ماحول دینے کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔