واشنگٹن :امریکا نے پاکستان کے ایف-16 لڑاکا طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لیے 686 ملین ڈالر مالیت کے آلات اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔ اس اپ گریڈ کے ذریعے پاکستان کے ایف-16 بیڑے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی سروس لائف 2040 تک بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔
بلومبرگ کے مطابق امریکی ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی (DSCA) نے اس ہفتے کانگریس کو جو نوٹس بھیجا ہے، اس میں بتایا گیا ہے کہ اس پیکج میں جدید Link-16 ٹیکٹیکل ڈیٹا لنک سسٹم بھی شامل ہے۔ یہ سسٹم طیاروں، زمینی دستوں اور کمانڈ سینٹرز کے درمیان محفوظ اور تیز رفتار معلومات کے تبادلے کو ممکن بناتا ہے۔
Link-16 کی مدد سے اہداف کو تلاش کرنے، ٹریک کرنے اور مؤثر طریقے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے ایف-16 طیاروں کی مجموعی جنگی استعداد میں نمایاں بہتری آنے کا امکان ہے۔