امریکا وینزویلا کے 6 مزید آئل ٹینکرز پر پابندی عائد، کشیدگی میں اضافہ

09:38 AM, 12 Dec, 2025

واشنگٹن/کاراکاس: امریکا اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی نئی حدیں چھونے لگی ہے۔ امریکی حکومت نے وینزویلا کے ساحل سے ایک آئل ٹینکر قبضے میں لینے کے ایک دن بعد چھ مزید تیل بردار جہازوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ ٹینکر "اسکیپر" غیر قانونی آئل شپمنٹ میں ملوث تھا اور اسے امریکی بندرگاہ منتقل کیا جائے گا۔ یہ کارروائی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد وینزویلا کے خلاف سب سے جارحانہ اقدام تصور کی جا رہی ہے۔

اس مرتبہ پابندیوں کی زد میں صرف جہاز نہیں آئے بلکہ صدر نکولس مادورو کے قریبی رشتہ دار اور کاروباری نیٹ ورک بھی شامل ہیں، جنہیں واشنگٹن غیر قانونی حکومت کا حصہ قرار دیتا ہے۔

کاراکاس نے اس اقدام پر ردِعمل دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی سمندری ڈکیتی قرار دیا۔ امریکا کا موقف ہے کہ یہ اقدامات غیر قانونی منشیات کی روک تھام اور پابندیوں کے نفاذ کے لیے کیے جا رہے ہیں، جبکہ وینزویلا کا الزام ہے کہ امریکا دراصل اس کے تیل کے ذخائر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

خطے میں امریکی جنگی بحری جہاز پہلے ہی سرگرم ہیں اور منشیات بردار کشتیوں پر متعدد حملے کیے جا چکے ہیں جن میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں، جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

مزیدخبریں