شادی سے چند روز پہلے رشتہ ٹوٹنے سے خاتون کی زندگی ہی بدل گئی

شادی سے چند روز پہلے رشتہ ٹوٹنے سے خاتون کی زندگی ہی بدل گئی

لندن :برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہر فوربے کی کیٹی کولنز کی 2012ءمیں شادی ہونے والی تھی لیکن شادی سے محض 3ماہ قبل اس کے منگیتر نے رشتہ توڑ دیا۔ اس پر کیٹی نے اپنی نوکری چھوڑ دی اور کار و دیگر چیزیں فروخت کرکے دنیا گھومنے نکل کھڑی ہوئی۔وہ اب تک فلپائن، بھارت اور تھائی لینڈ سمیت کئی ممالک کا سفر کر چکی ہے۔

اس دوران وہ اپنے سفر کی تفصیلات ایک بلاگ کی صورت میں دنیا تک پہنچاتی رہی۔رپورٹ کے مطابق کمیٹی کا بلاگ بے حد مقبول ہو گیا اور اسے ایک اشاعتی ادارے کی طرف سے اپنے بلاگز کو کتاب کی صورت میں شائع کرنے کی پیش کش ہوئی۔ اس کی یہ کتاب بھی بلاگ کی طرح ہاتھوں ہاتھ بکی۔ اب آئندہ ماہ اس کی دوسری کتاب مارکیٹ میں آنے جا رہی ہے۔ کیٹی اپنے پبلشرز سے 6کتابوں کا معاہدہ کر چکی ہے۔کیٹی اس وقت آسٹریلیا کی سیاحت میں مصروف ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ ”اپنے ماضی کے متعلق میں اتنا ہی کہوں گی کہ میرا سابق منگیتر جہاں رہے خوش رہے۔میں دنیا کی سیر کر رہی ہوں اور پبلشر سے 6کتابیں لکھنے کا معاہدہ کر چکی ہوں۔ ان میں سے ایک کتاب شائع ہو چکی ہے اور دوسری آنے والی ہے۔ میں نے اس نئی کتاب میں یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ انسان کو امید نہیں چھوڑنی چاہیے اورحالات خراب بھی ہو جائیں تو انہیں درست ہونے کے لیے دوسرا موقع ضرور دینا چاہیے۔

میں نے ایک بری صورتحال سے نکلنے کے لیے یہ کام کیا اور آج میں اس قدر کامیاب ہوں کہ اگر مجھے وہ صدمہ نہ پہنچتا تو شاید میں آج اس مقام پر نہ ہوتی۔اب مجھے دنیا بھر سے مرد شادی کی پیشکش بھی کر رہے ہیں مگر میں اپنا یہ سفر جاری رکھنا چاہتی ہوں اور کوئی کام ایسا نہیں کروں گی جو اس پر اثرانداز ہو۔ “