بنگلہ دیش میں جمہوریت کا نیا سفر: پرامن انتخابات کے انعقاد پر پروفیسر محمد یونس کا قوم کو خراجِ تحسین

05:50 PM, 12 Feb, 2026

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ اور نوبل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس نے ملک میں 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات اور 'جولائی نیشنل چارٹر' ریفرنڈم کے کامیاب و پرامن انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے الیکشن کے اس دن کو بنگلہ دیش کی نئی تاریخ کا آغاز قرار دیتے ہوئے عوام کے جذبے کو سراہا ہے۔
 پولنگ کے اختتام پر اپنے خصوصی بیان میں پروفیسر محمد یونس نے کہا کہ جس طرح شہریوں نے گھروں سے نکل کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک کا مستقبل روشن اور عوام کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن، مسلح افواج، پولیس اور سول انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت نے ملک کو ایک پروقار انتخابی عمل فراہم کیا۔پروفیسر یونس نے تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو تاکید کی کہ حتمی نتائج کے اعلان کے بعد بھی امن و امان اور باہمی احترام کی روایت کو برقرار رکھا جائے تاکہ قومی یکجہتی کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ انتخابات ایک زیادہ شفاف، جوابدہ اور منصفانہ ریاست کی بنیاد ثابت ہوں گے۔
آج ہونے والے ان انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP) اور جماعتِ اسلامی کے زیرِ قیادت 11 جماعتی اتحاد کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔ شیخ حسینہ واجد کے دور کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بنگلہ دیشی عوام نے کسی خوف کے بغیر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا ہے۔ 299 نشستوں پر ہونے والے اس معرکے کے ابتدائی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں