ممبئی: بھارتی اداکارہ مرونال ٹھاکر نے سپر اسٹار دھنوش کے ساتھ شادی کی مبینہ خبروں پر پہلی بار بیان دیا اور ان تمام دعووں کو یکسر رد کر دیا۔ اداکارہ نے کہا کہ یہ افواہیں “بہت خوفناک اور غلط” ہیں۔
مرونال اس وقت اپنی نئی فلم ’دو دیوانے شہر میں‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں، جس میں وہ اداکار سدھانت چترویدی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کے تشہیری پروگرام کے دوران سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ توجہ ان کی اور دھنوش کی مبینہ شادی کی خبروں پر رہی۔
میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ مرونال 14 فروری کو دھنوش سے شادی کرنے والی ہیں اور کافی عرصے سے ان کا رشتہ قائم ہے۔ تاہم، حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے اس کی مکمل تردید کی۔
12 فروری کو ایک پروگرام کے دوران یوٹیوب پر جاری انٹرویو میں میزبان نے شادی کی خبریں پوچھیں، تو مرونال نے فوراً جواب دیا، “میں؟ نہیں، بالکل نہیں۔ مجھے نہیں معلوم یہ خبر کس نے پھیلائی۔ 14 فروری میرے خیال میں اپریل فول ڈے ہونا چاہیے۔”
انہوں نے مزید کہا، “یہ وقت واقعی خوفناک ہے۔” مرونال نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی دھنوش کے ساتھ شادی یا تعلق کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ انٹرویو بعد میں چینل سے ہٹا دیا گیا، لیکن مداحوں نے کلپ محفوظ کر لیا، جو اب انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہا ہے۔