تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی سیاست اور عالمی فیصلوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انجام تاریخ کے ظالم اور مغرور حکمرانوں جیسا ہو سکتا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ غرور میں ڈوبا ایک شخص خود کو پوری دنیا کے فیصلوں کا مالک سمجھ رہا ہے، مگر اسے تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے عروج پر موجود فرعون، نمرود اور رضا شاہ جیسے حکمرانوں کا انجام سب کے سامنے ہے، اور طاقت ہمیشہ کے لیے کسی کے پاس نہیں رہتی۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ ایران کے اندر بدامنی اور فسادات کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو اسرائیل کے ساتھ ساتھ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے بھی نشانے پر ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی قیادت کے حالیہ بیانات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران، امریکا و اسرائیل کے درمیان شدید تناؤ کی عکاسی کرتے ہیں، جس کے اثرات مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی پر پڑ سکتے ہیں۔