اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے رابطہ، خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارت کاری پر زور

12:10 PM, 12 Jul, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مطابق کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مثبت اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات کے پائیدار حل، علاقائی امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال پر قریبی رابطے اور باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

مزیدخبریں