ایاز صادق کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

ایاز صادق کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا
کیپشن: ایاز صادق نے خیریت معلوم کرنے پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس پر شہباز شریف نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما عظمٰی بخاری کے مطابق ایاز صادق نے کورونا ٹیسٹ مثبت آ جانے کے بعد خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا ہے۔ایاز صادق کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر شہباز شریف نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے کہا کہ ایاز صادق پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایاز صادق پارٹی کے بااعتماد، نظریاتی اور وفادار ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں، اللہ تعالی ایاز صادق سمیت کورونا سے متاثرہ تمام افراد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

‎ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے فون کر کے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی خیریت دریافت کی اور ان کی کورونا سے جلد صحت یابی کےلئےدعا کی۔ اس موقع پر‎ ایاز صادق نے خیریت معلوم کرنے پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ بھی ان دنوں کورونا میں مبتلا ہیں اور اپنی رہائشگاہوں پر قرنطینہ میں ہیں۔