تہران: ایران نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تو وہ مشرق وسطیٰ میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔ ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نے کہا کہ اگر جوہری معاہدے کے حوالے سے مذاکرات کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلا اور امریکہ نے ایران پر حملہ کیا، تو ایران اپنے دفاع میں سخت اقدامات کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران امید کرتا ہے کہ مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کو ایران کے مقابلے میں بہت زیادہ نقصان کا سامنا ہوگا اور امریکہ کو خطے سے نکلنا پڑے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدے تک پہنچنے کی امید کم ہوتی جا رہی ہے۔ ایران اور امریکہ اپریل سے اب تک پانچ بار مذاکرات کر چکے ہیں، تاہم ابھی تک کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا۔