وزیراعظم کا سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اعلیٰ عہدیداروں کی تنخواہوں میں اضافے پر فوری نوٹس

10:15 AM, 12 Jun, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں حالیہ اضافے کا نوٹس لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے عوامی ردعمل اور موجودہ معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی ہے تاکہ اس معاملے کو سنجیدگی سے نمٹایا جا سکے۔

یاد رہے کہ بجٹ پیش کیے جانے سے صرف ایک دن قبل ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں 500 فیصد اضافہ کر دیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت ان کی تنخواہیں 2 لاکھ 5 ہزار سے بڑھا کر 13 لاکھ روپے ماہانہ مقرر کر دی گئی ہیں، اور اس اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہونا ہے۔

ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس اضافے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے "معاشی فحاشی" قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے، اس قسم کے فیصلے عوام کی دل آزاری کے مترادف ہیں۔

مزیدخبریں