ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

12:34 PM, 12 Jun, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ دن کے اوقات میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمے کے مطابق اسلام آباد اور آس پاس کے علاقوں میں دن بھر موسم شدید گرم رہے گا، تاہم شام کے وقت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ شام کو راولپنڈی، چکوال، جہلم، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں آندھی اور ہلکی بارش متوقع ہے۔

سندھ اور بلوچستان ، دونوں صوبوں کے بیشتر اضلاع میں آج موسم سخت گرم اور خشک رہے گا، اور بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔

خیبرپختونخوا کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ دوپہر کے بعد گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ شام کو چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، پشاور، کوہاٹ، وزیرستان اور دیگر بالائی علاقوں میں بارش اور آندھی کی توقع ہے۔

گلگت بلتستان میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ شام کو چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیر میں بھی دن کے وقت گرمی اور شام کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور موسم کی صورت حال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں آندھی یا بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں