پورنیہ: بھارت کی ریاست بہار کے ضلع پورنیہ میں ایک حیران کن واقعے میں ایک نوجوان نے جعلی پولیس تھانہ قائم کر کے تین سو سے زائد نوجوانوں کو سرکاری نوکری کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے کا دھوکہ دیا ہے۔
یہ جعلی تھانہ موہانی گاؤں میں ایک خالی سکول کی عمارت میں قائم کیا گیا تھا، جہاں دسمبر 2024 سے جنوری 2025 کے درمیان نوجوانوں کو "پولیس ٹریننگ" دی گئی۔ متاثرین سے 1500 سے 2500 روپے اور کچھ سے 10 ہزار تک کی رقم حاصل کی گئی۔
ملزم خود کو پولیس انسپکٹر ظاہر کرتا تھا، جعلی شناختی کارڈ جاری کرتا، وردیاں بنواتا، اور یہاں تک کہ گاڑیوں کی چیکنگ اور جرمانے بھی لگوائے گئے۔ 26 جنوری 2025 کو پاسنگ آؤٹ جیسی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں مقامی رہنما بھی شامل ہوئے۔
پولیس کے مطابق اب تک 25 سے زائد شکایتیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ ملزم تاحال مفرور ہے۔ مقامی پنچایت رہنما کے کردار کی بھی جانچ جاری ہے۔