ملک بھر میں بارشوں کا الرٹ، شمالی علاقوں میں سیلابی خدشہ

07:41 PM, 12 Jun, 2026

لاہور: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال پہلے سے جاری کیے گئے موسمی تجزیے اور پیشگوئی کے مطابق ہے، جس پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ وہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو صورتحال سے مسلسل آگاہ کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے اور پیشگی اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔

الرٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع، جن میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ملتان اور دیگر علاقے شامل ہیں، میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول اسکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، نیلم ویلی، مظفرآباد اور دیگر مقامات پر بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

مزید برآں 13 سے 15 جون کے دوران شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، دیامر، اپر اور لوئر چترال، سوات، کالام اور بحرین سمیت مختلف وادیوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

بارشوں اور برفانی پگھلاؤ کے باعث اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان بھی ہے۔

ادارے کے مطابق قراقرم ہائی وے، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور دیگر اہم راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بندش کا خطرہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور معلوم کریں۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت معلومات اور حفاظتی رہنمائی کے لیے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” سے رہنمائی حاصل کریں۔

مزیدخبریں