لاہور : جعفر ایکسپریس پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی ملک بھر میں شدید مذمت کی گئی ہے۔ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور دیگر سیاستدانوں نے اس حملے کو دہشت گردی کی شدید کارروائی قرار دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ بزدلانہ دہشت گردی ہے، اور حملہ آوروں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خون بہانے والوں کو زمین پر جگہ نہیں ملے گی اور دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔ بلوچستان میں ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو نیست و نابود کر دیا جائے گا، اور سکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے تعاقب میں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جعفر ایکسپریس کے نہتے مسافروں پر حملہ کرنے والے انسانیت سے عاری ہیں۔ انہوں نے دل کی گہرائیوں سے ہر مسافر کی خیریت کے لیے دعا کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بے گناہ مسافروں کو نشانہ بنانا اور ان کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا بزدلانہ فعل ہے، اور دہشت گردوں کی جانب سے مسافروں کو یرغمال بنانے پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو شہید کرنا انتہائی قابل مذمت عمل ہے، اور قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں، اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ عمل ہے۔ انہوں نے بلوچستان حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کو موجودہ صورتحال سے نمٹنے میں اہم قرار دیا اور ٹرین میں موجود مسافروں کے تحفظ کے لیے دعا کی۔