امریکہ اور کینیڈا میں تجارتی جنگ شدت اختیار کر گئی، نئے محصولات کا اعلان

05:43 PM, 12 Mar, 2025

اوٹاوا: کینیڈا نے امریکہ کی جانب سے عائد کردہ تجارتی محصولات کے جواب میں امریکی مصنوعات پر 29 ارب کینیڈین ڈالر سے زائد کے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کینیڈا کی حکومت نے یہ اقدام امریکا کی جانب سے لگائے گئے نئے ٹیرف کے ردعمل میں کیا ہے۔ کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنی معیشت اور مقامی صنعتوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

یاد رہے کہ چند ہفتے قبل، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا پر 25 فیصد ٹیرف نافذ کیا تھا۔ اس کے علاوہ، امریکا نے چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر بھی 10 فیصد اضافی ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 4 فروری کو عائد کی گئی 10 فیصد ڈیوٹی کے علاوہ ہوگی۔ اس طرح چین کی مصنوعات پر مجموعی امریکی ٹیرف 20 فیصد تک پہنچ جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ان ممالک سے مہلک منشیات فینٹنل کی آمد کو روکنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ تاہم، کینیڈا اور دیگر متاثرہ ممالک نے امریکی فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور کینیڈا کے درمیان یہ تجارتی کشیدگی دونوں ممالک کی معیشت پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے، جبکہ عالمی منڈی میں بھی اس کے اثرات دیکھنے میں آ سکتے ہیں۔
 

مزیدخبریں