فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عالمِ اسلام کے اتحاد کا پُرزور مطالبہ:نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کا اعلامیہ

11:15 PM, 12 Mar, 2026

اسلام آباد : نیشنل پیغامِ امن کمیٹی نے ملک میں بین المسالک ہم آہنگی اور عالمی سطح پر مسلم ممالک کے اتحاد کے لیے ایک اہم اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تعلقات اور فلسطین کے تحفظ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں تمام مسالک اور مسلم ریاستوں کے درمیان وحدت و اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ہم آہنگی امتِ مسلمہ کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ علماء نے پاکستان کو عالمِ اسلام کی واحد ایٹمی قوت اور "فخرِ امت" قرار دیتے ہوئے اس کے کلیدی کردار کو سراہا۔
کمیٹی نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسجدِ اقصیٰ کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اعلامیے کے مطابق مسجدِ اقصیٰ اور تمام مقاماتِ مقدسہ کا تحفظ ہر مسلمان کا مذہبی فریضہ ہے۔اسرائیل کی جانب سے امتِ مسلمہ کو تقسیم کرنے کی "دشنام طراز" کوششوں کو یکسر مسترد کیا جاتا ہے۔علماء اور ریاست کو عالمی سطح پر اپنا موثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
تمام مکاتبِ فکر کے علماء نے فرقہ وارانہ فتنے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی مذہبی منافرت ملک کے لیے خطرناک ہے۔ اس ضمن میں وزارتِ داخلہ سے مطالبہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر تفرقہ پھیلانے والے عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
فلسطین سے یکجہتی اور مقاماتِ مقدسہ کے تحفظ کے لیے ملک بھر میں "یومِ تحفظِ حرمین شریفین"، "یومِ القدس" اور "یومِ اقصیٰ" کے عنوان سے بڑے اجتماعات منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ عالمی سطح پر امتِ مسلمہ کی آواز کو پہنچایا جا سکے۔

مزیدخبریں