ٹائیگر فورس کے بہادر نوجوانوں کیساتھ مکمل تعاون یقینی بنایا جائے، وزیر اعظم

 ٹائیگر فورس کے بہادر نوجوانوں کیساتھ مکمل تعاون یقینی بنایا جائے، وزیر اعظم
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کے بہادر نوجوانوں کیساتھ مکمل تعاون یقینی بنایا جائے۔


تفصیلات کے مطابق،  وزیراعظم عمران کے زیر صدارت ٹائیگر فورس سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی سطح پر ٹائیگر فورس کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے متعلق وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز کو گائیڈ لائنز دیتے ہوئے ملک بھر میں ٹائیگر فورس کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک ٹائیگر فورس متحرک کیا جائے جبکہ ٹائیگر فورس سے احساس لیبر رجسٹریشن پروگرام میں بھی مدد لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کے بہادر نوجوان ملک کا سرمایہ، مشکل وقت میں قوم کیلئے وقت نکالنے والے نوجوان ہیروز ہیں، ان کیساتھ مکمل تعاون یقینی بنایا جائے۔

عمران خان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹریز، صوبائی اور ضلعی سطح پر ہدایت نامے جاری کریں اور انتظامی سطح پر بہترین کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جائے