پاک فضائیہ کو بھارت کی فضائیہ کے مقابلے 0۔6سے کامیابی ملی، ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد

09:22 AM, 12 May, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :  پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے ایک اہم پریس کانفرنس میں بھارت کی حالیہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا دعویٰ کیا۔ پاک فضائیہ کے ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کو پاک فضائیہ کے ہاتھوں 6-0 کی شکست ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی طیاروں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا اور فضائی دفاع میں دشمن کو واضح برتری سے پسپا کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز استعمال کیے گئے، لیکن پاک فضائیہ نے ہر حملے کا احتیاط اور مہارت سے جواب دیا، اور تمام ڈرونز کو بروقت تباہ کر دیا۔

ایئروائس مارشل نے یہ بھی بتایا کہ بھارت کی جانب سے داغے گئے براہموس میزائل کو بھی پاک فضائیہ کے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم نے کامیابی سے ناکارہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے پاس جدید طیارے جیسے رافیل ضرور ہیں، لیکن اصل کامیابی تربیت یافتہ پائلٹ اور بروقت فیصلوں میں ہوتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی ساختہ جے ایف-17 تھنڈر کو ملک کا فخر قرار دیا اور کہا کہ ہمارے پائلٹ اور ٹیکنالوجی نے دشمن کو حیران کر دیا۔

پریس کانفرنس میں پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری بھی موجود تھے، جنہوں نے دیگر عسکری کارروائیوں پر روشنی ڈالی۔

مزیدخبریں