آرمی چیف کا کمبائنڈ ملٹری ہسپتال راولپنڈی کا دورہ، زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت

09:03 PM, 12 May, 2025

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے معرکۂ حق (آپریشن بُنیان مرصوص) میں زخمی ہونے والے فوجی جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے زخمیوں کی بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج کی طرف سے زخمیوں کی مستقل دیکھ بھال اور بحالی کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پورے ملک میں متحد اور پُرعزم ردعمل سامنے آیا، جس نے پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک نیا باب رقم کیا۔

آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دشمن کی کوئی بھی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی، اور پوری قوم اپنی فوج کے ہر سپاہی کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں