کرن سے علیحدگی اور اپنے گینگ کی تشکیل: 10 سے زائد مقدمات میں مفرور ’پنکی ‘کی کو عدالت نے جیل بھیج دیا

06:15 PM, 12 May, 2026

کراچی:کراچی پولیس نے ایک منظم کارروائی کے دوران منشیات کی سپلائی چین کی کلیدی کردار انمول عرف پنکی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمہ کے قبضے سے بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڑوں روپے مالیت رکھنے والی کوکین، خطرناک کیمیکلز اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق، ملزمہ انمول عرف پنکی کا آبائی تعلق قصور سے ہے۔ وہ اندرونِ پنجاب سے مسافر بسوں کے ذریعے منشیات کی بڑی کھیپ کراچی سمگل کرتی تھی۔ ملزمہ نے ابتدائی طور پر 'کرن' نامی لڑکی کے ساتھ مل کر یہ دھندہ شروع کیا تھا، تاہم بعد میں اختلافات کی وجہ سے اپنا الگ گینگ بنا لیا اور گزشتہ 8 برسوں سے کراچی میں منشیات کی ڈیلنگ کا نیٹ ورک آپریٹ کر رہی تھی۔
انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ کے گاہکوں میں نہ صرف معاشرے کے بااثر اور امیر ترین افراد شامل تھے بلکہ وہ کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات کو بھی نشانہ بنا رہی تھی۔ پنکی کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ 10 سے زائد کیسز میں پولیس کو مطلوب اور مفرور تھی۔
پولیس نے ملزمہ کو عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ 14 روز کے اندر کیس کا مکمل چالان جمع کرایا جائے۔
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے اس حوالے سے بتایا کہ پنکی کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ وہ ہر بار پولیس کارروائی سے قبل فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس نیٹ ورک کے سہولت کاروں کے خلاف بھی آپریشن جاری ہے اور جو کوئی بھی اس مکروہ دھندے کی پشت پناہی میں ملوث پایا گیا، اسے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اختیارات کا غلط استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں