اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں گوتریس نے کہا کہ خودکش حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر انہیں گہرا دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ دہشت گردی میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور اسلام آباد میں ہونے والی اس دہشت گردی کی مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ اس جرم میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی کچہری کے باہر فتنہ الخوارج کی جانب سے کیے گئے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 36 زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملے کی شدید مذمت کرنے والی دیگر عالمی تنظیموں میں امریکہ اور چین کے سفارت خانوں نے بھی پاکستان میں دہشت گردی کے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔