اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کے ضلع کچہری میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد ملک بھر میں بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس آج مکمل طور پر بند رہا، جہاں بار کی جانب سے وکلاء، سائلین اور کلرکس کو کچہری نہ آنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداروں نے وکلاء کو گھروں میں رہنے کا حکم دیتے ہوئے اعلان کیا کہ 3 روزہ سوگ اور ایک روزہ ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد بار کونسل نے بھی اس افسوسناک واقعے کے بعد 3 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ راولپنڈی کے ضلع کچہری میں بھی وکلاء نے احتجاجاً عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ہے اور ایمرجنسی کیسز میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب بار کونسل نے پنجاب بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت لاہور سمیت صوبے بھر کی ماتحت عدالتوں میں وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ بار ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ یہ ہڑتال وکلا برادری کے اتحاد، عدلیہ کے احترام اور دہشت گردی کے خلاف عزم کا اظہار ہے۔
پشاور میں بھی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اسلام آباد خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور آج عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔
دوسری جانب، خودکش دھماکے کے بعد اسلام آباد کے ریڈ زون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہائی کورٹ اور اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔