دہلی دھماکوں پر بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی شدید تنقید

07:13 PM, 12 Nov, 2025

نئی دہلی: بھارتی میڈیا ایک بار پھر تنقید کی زد میں ہے، اور اس مرتبہ وجہ دہلی دھماکوں کی بے بنیاد رپورٹنگ اور جھوٹی خبروں کا پھیلاؤ بنی ہے۔ ذرائع کے مطابق، میڈیا کے کچھ حصوں نے صرف ریٹنگ کے لیے دھماکے کی جگہ سے اہم شواہد اٹھا کر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی، جس کے باعث عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

دھماکوں کی رپورٹنگ کے دوران میڈیا نے یہ دعویٰ کیا کہ وہاں دو دھماکے ہوئے ہیں، حالانکہ کسی سرکاری ادارے یا پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ اس جھوٹی خبر نے عوام میں مزید خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ سوشل میڈیا پر شہریوں نے اس پر شدید ردِعمل ظاہر کیا اور کہا کہ جب سرکاری ادارے اصل صورتحال سے متعلق خاموش ہیں تو میڈیا کا اس طرح کے جھوٹ پھیلانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

ایک شہری نے سوشل میڈیا پر کہا کہ اگر کوئی دہلی دھماکوں کا ذکر کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کرے تو اسے فوراً مشتبہ سمجھا جائے۔ مزید برآں، عوام کا کہنا ہے کہ اگر اس واقعے کی تحقیقات شفاف طریقے سے ہوئیں تو اس کے تانے بانے حکومت تک پہنچ سکتے ہیں۔ بہت سے شہریوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ یہ دھماکہ کسی دہشت گرد حملے کا نتیجہ نہیں، بلکہ ممکنہ طور پر ایک خود ساختہ کارروائی ہو سکتی ہے۔

ناقدین نے بھارتی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے زیرِ اثر میڈیا نے پہلے بھی "آپریشن سندور" جیسی کارروائیوں میں جھوٹے دعووں اور من گھڑت رپورٹنگ سے خود کو بدنام کیا ہے۔ اب بھارتی میڈیا حقیقت کے بجائے صرف جعلی خبروں اور بے بنیاد دعووں کا ایجنڈا پھیلا رہا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کے سیاسی مفادات کے لیے میڈیا کا استعمال اب کھل کر سامنے آ چکا ہے اور ان کے اوچھے ہتھکنڈے اب کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔

مزیدخبریں