یروشلم: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو صدارتی معافی دینے کی درخواست کے ساتھ اسرائیلی صدر آئیزک ہرزوگ کو خط ارسال کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، اسرائیلی صدر نے تصدیق کی کہ ٹرمپ کا خط موصول ہو چکا ہے، جس میں انہوں نے نیتن یاہو کو بدعنوانی کے الزامات سے بری کرنے کی درخواست کی ہے۔
اسرائیلی صدر آئیزک ہرزوگ نے اس خط کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کے خلاف تین بدعنوانی کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ جو بھی شخص صدارتی معافی کا خواہشمند ہو، اُسے قانون کے مطابق باقاعدہ درخواست دینی ہوگی۔
خط میں امریکی صدر نے نیتن یاہو کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پر عائد الزامات دراصل ایک سیاسی نوعیت کی کارروائی ہیں جو منصفانہ نہیں ہے۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو کی قیادت کو مشکل حالات میں بھی کامیاب قرار دیا۔
یاد رہے کہ نیتن یاہو پر تحفے قبول کرنے، رشوت لینے اور عوامی اعتماد کا غلط استعمال کرنے جیسے الزامات ہیں، جن کا وہ 2019 سے سامنا کر رہے ہیں۔