دھونی کی کمسن بیـٹی کو ریپ کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار

دھونی کی کمسن بیـٹی کو ریپ کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار
کیپشن: میچ ہارنے کی وجہ سے ملزم نے دھونی کی اہلیہ کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر یہ دھمکی دی تھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی کمسن بیـٹی کو ریپ کی دھمکی دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے شکست کے بعد چنئی سپر کنگ کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی 5 سالہ بیٹی کو سوشل میڈیا کے ذریعے ریپ کی دھمکی دی گئی تھی۔

میچ ہارنے کی وجہ سے ملزم نے دھونی کی اہلیہ کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر یہ دھمکی دی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے دھمکی دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس کی عمر 16 سال ہے اور وہ بارہویں جماعت کا طالبعلم ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم کو اتوار کے روز نمنا کپیا نامی گاؤں سے گرفتار کیا گیا جس نے دورانِ تفتیش دھونی کی اہلیہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دھمکی پوسٹ کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

پولیس کے مطابق اس حوالے سے تمام تحقیقات کے بعد یہ تصدیق ہو چکی ہے کہ جس لڑکے کو گرفتار کیا گیا وہ دھونی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکی دینے میں ملوث ہے جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں خواتین اور کمسن بچیوں سے زیادتی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے اور پے در پے واقعات کے بعد کئی ممالک نے خواتین کو بھارتی دارالحکومت میں اکیلے سفر سے منع کر رکھا ہے۔

سال 2017 میں ہی بھارت بھر میں 6 سال کی عمر کی 298 بچیوں کو ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا گیا گزشتہ سال 30 ہزار سے زائد خواتین کا ان افراد نے ’ریپ‘ کیا جنہیں وہ جانتی تھیں اور ان پر اعتبار کرتی تھیں۔

ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ خواتین کے خلاف ہونے والے تشدد اور ہر طرح کے جنسی ہراسانی کے واقعات میں 97 فیصد ان کے رشتہ دار، دوست، محبت کرنے والے اور جان پہچان والے لوگ ملوث ہوتے ہیں۔