اسلام آباد : راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیسرے روز بھی مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث متعدد سڑکیں بند ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ احتجاج کی وجہ سے جڑواں شہروں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جبکہ میٹرو بس سروس بدستور معطل ہے۔
مقامی حکام کے مطابق، راولپنڈی کے اندرون شہر میں رہائشی علاقوں کو جانے والے راستے کھول دیے گئے ہیں، تاہم اہم شاہراہوں اور داخلی راستوں کی بندش برقرار ہے۔ مری روڈ، فیض آباد، ایکسپریس وے اور آئی جے پی روڈ تاحال بند ہیں، جس کی وجہ سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان آمدورفت میں مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
راولپنڈی ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر بھی رکاوٹیں برقرار ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو پیدل چلنے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔ اسپتالوں تک پہنچنے میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں، خاص طور پر مریضوں کو علاج کے لیے ہسپتال پہنچنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔
دوسری جانب، لاہور سے اسلام آباد موٹر وے (ایم 2) ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، جس کے بعد ٹریفک کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے بھی جزوی طور پر کھول دی گئی ہے، جبکہ نائنتھ ایونیو سے ڈبل روڈ کو ملانے والا راستہ بھی جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
موبائل فون اور سیلولر انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے، جس سے شہریوں کو کچھ حد تک سکون مل رہا ہے، تاہم بڑی تعداد میں سڑکوں کی بندش اور دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے زندگی ابھی تک معمول پر نہیں آ سکی۔