کراچی میں آئین کا آرٹیکل 149 (4) نافذ کیا جا سکتا ہے، وزیر قانون

کراچی میں آئین کا آرٹیکل 149 (4) نافذ کیا جا سکتا ہے، وزیر قانون
کیپشن: گورنر راج اور ایمرجنسی لگائے بغیر اس آرٹیکل سے انتظامی امور چلائے جا سکتے ہیں، وزیر قانون۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے وفاق کو کراچی میں آئین کے آرٹیکل 149 (4) کے نفاذ کی تجویز دیدی۔ کراچی کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے جا سکیں گے۔

فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی شہر کی انتظامیہ کو اپنے کنٹرول میں لینے والی ہے۔ آرٹیکل کے نفاذ کا اعلان وزیر اعظم کے 14 ستمبر کو دورہ کراچی میں متوقع ہے۔

فروغ نسیم نے کہا کہ یہ میرا ذاتی مؤقف ہے اور تمام تجزیہ کراچی کمیٹی کے سامنے رکھوں گا۔ کراچی کے انتظامی امور سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کمیٹی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے آئین کے آرٹیکل 149 اے کو لاگو کیا جائے گا اور سیاسی جماعتوں نے آرٹیکل 149 کو آئین سے نکالا نہیں۔ جمہوریت اور غیر جمہوریت ہونے کا فیصلہ آئین کو کرنا ہے۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا ہے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی لگائے بغیر اس آرٹیکل سے انتظامی امور چلائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں اور شہر میں جو مسائل ہیں اس پر تحریک انصاف اور ایم کیو ایم ایک پیج پر ہیں۔