لیاقت پور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لیاقت پور کے نواحی علاقے بیٹ ظاہر پیر بند کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے منچن بند پر کشتیوں اور بیڑوں کے ذریعے پہنچنے والے متاثرہ خاندانوں کا خود استقبال کیا، جبکہ خواتین اور بچوں کو بند پر محفوظ مقام تک پہنچانے میں ذاتی طور پر مدد فراہم کی۔ انہوں نے ایک بزرگ خاتون کا ہاتھ تھام کر انہیں بند پر لایا اور پانی کی بوتل پیش کی۔
وزیراعلیٰ نے موقع پر موجود ریسکیو اور پی ڈی ایم اے کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہا کہ:
"ریسکیو آپریشن میں لائف جیکٹس اور لائف رنگز کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ ہر شہری کی جان محفوظ رہے۔"
دورے کے دوران وزیراعلیٰ کو سیلابی صورت حال، انخلا اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ حکام کے مطابق سیلاب کے باعث لیاقت پور کے نواحی علاقوں نور والا، گل محمد لنگاہ، ڈیرہ فریدی اور چوہان کے 35 مواضعات متاثر ہوئے ہیں، جہاں کی مجموعی آبادی 84,721 بتائی گئی ہے، جبکہ 43 مربع کلومیٹر رقبہ زیرِ آب آیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ان کے نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا، اور بحالی کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔"