نیب نے نواز شریف کو 21 اپریل کو طلب کر لیا

نیب نے نواز شریف کو 21 اپریل کو طلب کر لیا

لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب ) نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایک بار پھر طلب کر لیا۔ نواز شریف پراختیارات کے ناجائز استعمال سے سڑک کی تعمیر کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لئے ایک ہی دن میں دوسری بری خبر آگئی۔ نیب نے نواز شریف کو 21 اپریل کو صبح 11 بجے  طلب کیا ہے ، نواز شریف پر بھائی کے ساتھ مل کر ذاتی فائدے کے لئے سڑک بنانے کا الزام ہے۔ نیب لاہور کی جانب سے اس سلسلے میں ایک مراسلہ جاری کیا گیا جس میں درج تھا کہ  نوازشریف نے 1998 میں اختیارات کے ناجائز استعمال سے جاتی امرا تک سڑک تعمیر کرائی۔
اس کے علاوہ کہا گیا کہ  نواز شریف کے حکم سے ضلع کونسل کے عوامی منصوبے بند کرنے پڑے جس سے عوام کا نقصان ہوا، سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت بڑھی، سڑک کی لاگت بڑھنے سے دوسرے منصوبے متاثر ہوئے ۔