وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کانگریس مینز کے وفد کی اہم ملاقات ، دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون پر زور

12:20 PM, 13 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں اہم دیوار کی حیثیت رکھتا ہے اور عالمی برادری کو پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی کانگریس مینز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں کانگریس مینز جیک برگمین، ٹام سوزی اور جوناتھن جیکسن شامل تھے، جبکہ وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور  قائمقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،تجارت، سرمایہ کاری ،  معیشت اور سکیورٹی جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے لیے امریکا کے ساتھ پائیدار تعلقات کی بہت اہمیت ہے، اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں انٹیلیجنس اور ٹیکنالوجی شیئرنگ کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس حوالے سے بے شمار قربانیاں دی ہیں جن کی عالمی سطح پر کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کانگریس مینز کا دورہ پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف کردار کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم ثابت ہو گا۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے بھی اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد میں جون میں ہونے والا مشترکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ دہشت گردی کے خلاف باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

امریکی کانگریس مینز نے پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف کردار کو سراہا اور کہا کہ اس جنگ میں پاکستان کا کردار اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، اور امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی صلاحیتوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔

مزیدخبریں