فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے ہڑتال ہوگی :حافظ نعیم الرحمٰن

07:12 PM, 13 Apr, 2025

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف 22 اپریل کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہڑتال کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہوگی۔

کراچی کی شاہراہ فیصل پر جماعت اسلامی کے زیراہتمام ہونے والے غزہ یکجہتی مارچ میں خواتین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ یہ امت مسلمہ کا بیدار اور زندہ دل شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری ظلم و بربریت الفاظ سے بیان کرنا ممکن نہیں، اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کی نسل کشی جاری ہے، اقوام متحدہ صرف قراردادوں تک محدود ہے، جبکہ اسرائیل حماس سے شکست کھا کر اب معصوم بچوں پر ظلم کر رہا ہے۔ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب فلسطین کو آزادی نصیب ہوگی۔

حافظ نعیم نے حکومتی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمران معاشی کمزوری کا بہانہ بنا کر بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ صرف زبانی بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کیے جائیں اور ایک مؤثر اجلاس بلا کر اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، اور ہم امریکہ و اسرائیل کی کھل کر مذمت کرتے ہیں، چاہے اس سے ان لوگوں کو تکلیف ہو جو آج بھی مغرب کے آگے سر جھکائے کھڑے ہیں۔

 
 

مزیدخبریں