پی ایس ایل 10:لاہور قلندرز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کڑا ہدف، جیت کیلئے 220 رنز درکار

10:19 PM, 13 Apr, 2025

راولپنڈی : ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 220 رنز کا ہدف دے دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز اسکور کیے۔

فخر زمان نے 67 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، جبکہ سیم بلنگز نے 19 گیندوں پر تیز رفتار نصف سنچری مکمل کی اور 50 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل نے 37، 37 رنز کا حصہ ڈالا، جبکہ محمد نعیم 10 اور سکندر رضا 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

گیند بازی کی بات کی جائے تو کوئٹہ کی طرف سے عقیل حسین اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور عثمان طارق نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز کو اپنے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے افتتاحی میچ میں پشاور زلمی کو 80 رنز سے شکست دی تھی۔

مزیدخبریں