کیمبرج، میساچوسٹس :امریکہ کی مایہ ناز ہارورڈ یونیورسٹی میں "پاکستان کانفرنس 2026" کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ماہرین، پالیسی سازوں اور نامور شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان کامیاب مذاکرات کروانے پر پاکستان کے تزویراتی (Strategic) کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
دو روزہ کانفرنس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج، معاشی اصلاحات اور خطے میں اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ کانفرنس 17 مختلف سیشنز پر مشتمل تھی جس میں مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ایونٹ میں 700 سے زائد شرکاء اور 50 سے زائد عالمی مقررین نے شرکت کر کے پاکستان کے موقف کی تائید کی۔
امریکی سینیٹر کرس وین ہولن اور جنوبی ایشیائی امور کے ماہر مائیکل کوگیل مین نے اپنے خطاب میں پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں کو سراہا۔
مقررین نے کہا کہ ایران اور امریکہ کو میز پر لانا پاکستان کی بڑی سفارتی فتح ہے، جس کا عالمی برادری اعتراف کر رہی ہے۔ کانفرنس کے دوران ماہرین نے بھارت کے رویے کو علاقائی امن اور استحکام کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیا۔
شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ جانی و مالی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
کانفرنس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات پر بھی گفتگو کی گئی، جہاں ماہرین نے اتفاق کیا کہ پاکستان اب ایک 'جیو پولیٹیکل' مرکز کے بجائے 'جیو اکنامک' مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ہارورڈ جیسے پلیٹ فارم پر اس طرح کی بحث سے پاکستان کے بارے میں عالمی بیانیہ تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان دنیا کا اہم سفارتی مرکز بن گیا، ہارورڈ کانفرنس میں عالمی ماہرین کی مہرِ تصدیق
02:35 PM, 13 Apr, 2026