لاہور/اسلام آباد :چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دروازہ کھلنا پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ لاہور میں ایک اہم نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیامِ امن کے لیے پاکستان نے جو کلیدی کردار ادا کیا ہے، آج پوری دنیا اس کی معترف ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی قیادت نے انتہائی حکمتِ عملی سے کام لیتے ہوئے امتِ مسلمہ کو آپس میں لڑانے کی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا مذاکرات کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔ ہم نے ثابت کر دیا کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں امن کا علمبردار ہے۔
نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے ایک بڑے عالمی اجتماع کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 20 اپریل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں "پیغامِ اسلام کانفرنس" منعقد کی جائے گی۔ اس کانفرنس کے مہمانِ خصوصی مفتی اعظم ہوں گے، جو عالمی امن اور اتحادِ امت کے حوالے سے خصوصی خطاب کریں گے۔
علامہ طاہر اشرفی نے حالیہ پاک سعودی تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا 'تعمیری کردار' خطے میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ تمام مسلم ممالک کو موجودہ صورتحال میں متحد ہو کر امن کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
"امریکا ایران مذاکرات پاکستان کی بڑی کامیابی": علامہ طاہر اشرفی کا اسلام آباد میں 'پیغامِ اسلام کانفرنس' کا اعلان
04:25 PM, 13 Apr, 2026