اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہونے والا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ سفارتی عمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے خطے کے استحکام کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
وزیر دفاع نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ہونے والے رابطوں کے نتائج حوصلہ کن ہیں۔ ان کا کہنا تھا مذاکرات کے حوالے سے اب تک صرف مثبت باتیں ہی سامنے آرہی ہیں، اور فریقین کے درمیان پائے جانے والے اطمینان سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملات بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے بھرپور سفارتی تعاون فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کا اگلا دور خطے میں موجود کئی تزویراتی اور معاشی ابہام کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان بات چیت کا عمل رکا نہیں بلکہ نئے دور کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
وزیر دفاع کے مطابق فریقین کے مابین ڈیڈ لاک ختم ہو رہا ہے اور پیش رفت "مثبت" سمت میں گامزن ہے۔ پاکستان ان مذاکرات کو مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل چھٹنے اور تیل کی عالمی منڈی میں استحکام لانے کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے۔
"مذاکرات سے مثبت امیدیں وابستہ ہیں": امریکہ اور ایران کے درمیان بات چیت کے نئے دور کا جلد آغاز ہوگا، خواجہ آصف
05:04 PM, 13 Apr, 2026