ٹیکنالوجی کی مدد سے پاکستان میں ہم پہلی بار شفاف انتخابات کرائیں گے: وزیراعظم  

With the help of technology, we will hold transparent elections for the first time in Pakistan: PM
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان میں ہم پہلی بار ایسے شفاف انتخابات کرائیں گے جس کے نتائج سب کے لئے قابل قبول ہوں، حکومت کا اصل کام شہریوں کی زندگی آسان کرنا ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے نادار ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ۔اس موقع پر وزیراعظم نے نادرا کی نئی موبائل رجسٹریشن وین منصوبے کا افتتاح کیا۔دورہ کے موقع پر وزیراعظم کو ایلین رجسٹریشن کارڈز ، پاک کووڈ۔ 19 موبائل ویکسی نیشن پاس، قومی تصدیق و تجدید مہم ، اور نئے نادرا رجسٹریشن سینٹرز/نئی موبائل رجسٹریشن وین کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم اس موقع پر نادرا کے نیشنل ڈیٹا وئیر ہاؤس اور آپریشن روم کا بھی دورہ کیا۔

دورہ کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ایلین رجسٹریشن کارڈ ز کے اجرا سے غیر ملکیوں کو کاروبار کے باضابطہ دھارے میں شامل کیا جا سکے گا،پاکستان میں مقیم 30 لاکھ افغان مہاجرین ہیں جن کے لئے نادرا کا ڈیٹا ہونا اہمیت کا حامل ہے اس اقدام سے افغان مہاجرین سمیت دیگر غیر رجسٹرڈ لوگ قومی دھارے میں شامل ہو سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ بینک اکائونٹ کھلوا سکیں گے جبکہ کاروبار بھی کر سکیں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کااصل کام شہریوں کی زندگی میں آسانیاں پیداکرنا ہے۔ ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کااستعمال کرکے پہلی بار پاکستان میں ہم ایسے انتخابات کرائیں گے جن کےنتائج سب کے قابل قبول ہوں گے۔

نادرا کے ڈیٹا کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ منسلک کر کے ہم 21 ویں صدی کے بہترین انتخابات کروائیں گے۔ اس اقدام سے جعلی ووٹ اور ٹھپہ سسٹم کا خاتمہ ہو گا۔