قوم یوم آزادی کے ساتھ معرکہ حق کی فتح کا بھی جشن منا رہی ہے، عطاء اللہ تارڑ

01:39 PM, 13 Aug, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی فتح اور پاکستان میں آزادی کا جشن بھارت کے لیے واضح پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معرکہ حق میں دشمن کو شکست ہوئی ہے اور قوم یوم آزادی کے ساتھ معرکہ حق کی فتح کا بھی جشن منا رہی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بچوں سے لے کر بزرگوں تک سبز ہلالی پرچم تھامے گھروں سے باہر نکل کر پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر اہم عمارتوں کے سامنے خوشیاں منا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جشن زندہ قوموں کا عزم اور اپنی آزادی کے تحفظ کا عملی مظاہرہ ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ آج رات آدھی رات کو اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ٹی وی سکرینز پر براہ راست دکھایا جائے گا۔ جشن آزادی کی تقریبات میں ملی نغمے، پریڈز اور پرچم کشائی کی تقاریب بھی شامل ہوں گی جبکہ شکرپڑیاں میں خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ تاریخی موقع پاکستان کے اتحاد، عزم اور حوصلے کی علامت ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مری میں ہونے والے اجلاس میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے مشاورت ہوئی تھی، تاہم مریم اورنگزیب ملک سے باہر تھیں اور ان کے بھائی ایک حلقے سے امیدوار ہونے کی وجہ سے وہ اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے۔

مزیدخبریں