اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران اراکین کے درمیان شدید بحث و تکرار دیکھنے میں آئی۔ پارٹی کے متعدد ایم این ایز نے قیادت پر الزام لگایا کہ وہ ’کمپرومائز‘ کر رہی ہے اور احتجاج کی حکمت عملی پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق کئی اراکین نے اسمبلی اجلاس بائیکاٹ کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ اجلاس میں شرکت ضروری ہے، تاہم کچھ رہنماؤں نے اجلاس چھوڑ دیا۔ اراکین نے قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر بار بار کہتا ہے آکر بیٹھ جائیں، مگر پھر بھی کچھ اراکین نشست پر نہیں آتے۔
اجلاس میں 14 اگست کی حکمت عملی اور 5 اگست کے احتجاج کے فیصلے پر بھی سوالات اٹھائے گئے اور کہا گیا کہ پارٹی قیادت ایم این ایز کو کنفیوژ کر رہی ہے۔
اجلاس کے دوران اقبال آفریدی اور ساجد مہمند کے درمیان بھی سخت جھڑپ ہوئی، جسے دیگر اراکین نے بیچ بچاؤ کر کے ختم کروایا۔ علاوہ ازیں، اقبال آفریدی کا عامر ڈوگر سے بھی باجوڑ آپریشن پر بحث کے دوران جھگڑا ہوا، جب عامر ڈوگر نے بات کرنے سے منع کیا۔