اٹلی کے جزیرے لامپیدوسا کے نزدیک تارکینِ وطن کی کشتی کا حادثہ، 20 سے زائد افراد جاں بحق

07:27 PM, 13 Aug, 2025

روم: اقوامِ متحدہ نے اطلاع دی ہے کہ اٹلی کے جزیرے لامپیدوسا کے قریب تارکینِ وطن کو لے جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی ہے، جس میں تقریباً 100 مسافر سوار تھے۔ اس افسوسناک واقعے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) اور مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کشتی الٹنے کے نتیجے میں 20 افراد جان سے گئے جبکہ 70 سے 80 افراد کو محفوظ طریقے سے بچا لیا گیا ہے۔

یو این ایچ سی آر کے ترجمان فلیپو اونگارو نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ تارکینِ وطن ابھی بھی سمندر میں لاپتا ہو سکتے ہیں اور ان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زندہ بچ جانے والے افراد کو لامپیدوسا کے ایک حفاظتی مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق، حادثے کے دوران بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ لیبیا سے روانگی کے وقت کشتی پر 92 سے 97 افراد سوار تھے۔

یو این ایچ سی آر کے مطابق اس سال اب تک وسطی بحیرہ روم کے خطرناک راستے سے گزرتے ہوئے 675 سے زائد تارکینِ وطن اپنی جانیں کھو چکے ہیں۔

مزیدخبریں