رونالڈو کی شریکِ حیات جارجینا روڈریگز کون ہیں؟

10:30 AM, 13 Aug, 2026

لزبن : عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی اہلیہ جارجینا روڈریگز نہ صرف ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں بلکہ ڈانس اور کاروباری سرگرمیوں سے بھی وابستہ رہی ہیں۔ ان کی شہرت کا دائرہ رونالڈو کے ساتھ تعلق کے باعث مزید وسیع ہوا، جبکہ وہ اپنی ذاتی شناخت بھی بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔

جارجینا روڈریگز ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں پیدا ہوئیں، تاہم ان کا بچپن سپین میں گزرا۔ بعد ازاں وہ اپنے پیشہ ورانہ مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے میڈرڈ منتقل ہوئیں، جہاں انہوں نے فیشن اور ماڈلنگ کے شعبے میں قدم رکھا۔

جارجینا نے کم عمری میں رقص کی تربیت حاصل کی تھی، لیکن وقت کے ساتھ ان کی دلچسپی فیشن کی دنیا کی جانب بڑھتی گئی۔ ماڈلنگ کے علاوہ وہ مختلف کاروباری منصوبوں اور فیشن سے متعلق سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتی رہی ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو سے تعلق کے بعد جارجینا کی عالمی سطح پر مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ وہ سوشل میڈیا پر بھی انتہائی فعال ہیں اور اپنے فالوورز کے ساتھ فیشن، سفر اور خاندانی زندگی سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

جارجینا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 7 کروڑ 70 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں، جس کی وجہ سے وہ دنیا کی بااثر سوشل میڈیا شخصیات میں شامل ہیں۔

ان کی ذاتی زندگی پر مبنی نیٹ فلکس کی دستاویزی سیریز "آئی ایم جارجینا" بھی شائقین کی توجہ حاصل کرچکی ہے، جس میں ان کی زندگی، خاندان اور شہرت کے سفر کی مختلف جھلکیاں پیش کی گئی ہیں۔

رونالڈو اور جارجینا گزشتہ کئی برس سے ایک ساتھ ہیں اور دونوں اکثر سوشل میڈیا پر اپنی خاندانی زندگی کی تصاویر شیئر کرتے رہے ہیں۔ اب دونوں نے اپنے طویل تعلق کو باقاعدہ ازدواجی رشتے میں تبدیل کرلیا ہے، جس کے بعد جارجینا کی ذاتی زندگی ایک بار پھر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

مزیدخبریں