اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ناروے کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ناروے کی کمپنیوں کو پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے فلسطین کے حوالے سے ناروے کے مضبوط اور اصولی مؤقف کو بھرپور انداز میں سراہا۔
شہباز شریف نے امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت کرنے پر ناروے کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔