اسلام آباد: وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن نے پاکستان کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا، جس کے لیے انوویشن ہب کو پروگرام کے مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ پاور سیکٹر کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا قومی ادارہ جاتی فریم ورک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد جدید اور تخلیقی آئیڈیاز کی نشاندہی، جائزہ، رہنمائی اور معاونت کے ذریعے انہیں عملی حل میں تبدیل کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت نوجوان پاکستانیوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ بجلی کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنے جدید آئیڈیاز پیش کریں۔
وفاقی وزیر کے مطابق آئندہ تین سال کے دوران پروگرام کے لیے ایک ارب روپے سے زائد مختص کیے جائیں گے، جنہیں مینٹورشپ، تکنیکی معاونت، پائلٹ منصوبوں کے نفاذ اور کامیاب اختراعات کو وسیع پیمانے پر متعارف کرانے پر خرچ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے ذریعے تحقیق اور جدید تصورات کو آزمودہ اور قابلِ توسیع حل میں تبدیل کیا جائے گا، جو پاکستان کے بجلی کے شعبے کو زیادہ مؤثر، قابلِ اعتماد اور پائیدار بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔