تھریسامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام

تھریسامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام
کیپشن: تھریسامے کی پارٹی لیڈر شپ کے خلاف اگلے ایک سال تک تحریک عدم اعتماد پیش نہیں کی جا سکے گی۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی ہے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف پارلیمنٹ میں بطور پارٹی لیڈر تحریک عدم اعتماد پر خفیہ ووٹنگ کی گئی۔ رائے شماری میں کنزروٹیو پارٹی کے317 اراکین نے حصہ لیا۔ تھریسامے کے حق میں 200 ووٹ جبکہ مخالفت میں 117 ووٹ ڈالے گئے۔

چیرمین 1922 کمیٹی سر گراہم بریڈی نے رائے شماری کے نتائج کا اعلان کیا۔ اب تھریسامے کی پارٹی لیڈر شپ کے خلاف اگلے ایک سال تک تحریک عدم اعتماد پیش نہیں کی جا سکے گی۔

رائے شماری سے پہلے ہی وزیراعظم تھریسامے نے اگلے عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا اور خبردار کیا تھا کہ اُن کا جانشین لانا بریگزٹ کو التوا میں ڈالنے یا اسے روکنے کے مترادف ہو گا۔

بریگزیٹ ڈیل کی مخالفت کرنے والے ٹوری اراکین پارلیمنٹ نے برطانوی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔

ان کا دعویٰ ہے کہ تھریسامے نے یورپی یونین سے مناسب ڈیل نہیں کی۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد پونڈ کی قدر میں اضافہ ہو گیا۔