نیویارک :افغانستان کو دہشت گرد گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری نے انسدادِ دہشت گردی کے مؤثر اقدامات نہ کرنے پر افغان طالبان حکومت کو سخت انتباہ جاری کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطے کے امن و سلامتی کو درپیش سنگین خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان، چین، امریکا، ایران، ڈنمارک اور پانامہ کے نمائندوں نے متفقہ طور پر کہا کہ افغان سرزمین سے تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ، داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو پڑوسی ممالک، خصوصاً پاکستان، کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ طالبان حکومت کی غیر مؤثر اور کمزور پالیسیوں کے باعث افغانستان سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ افغانستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف ٹھوس اور عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔