تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے پر ینگ ڈاکٹرز کا بائیکاٹ

 تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے پر ینگ ڈاکٹرز کا بائیکاٹ
کیپشن: سندھ حکومت نے تنخواہ اور دیگر مراعات پنجاب اور خیبرپختونخوا کے برابر کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیے جانے کے خلاف سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے تمام اوپی ڈیز کا بائیکاٹ کر دیا۔ جس کے باعث جناح، سول، این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی اور دیگر اسپتالوں میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے تنخواہ اور دیگر مراعات پنجاب اور خیبرپختونخوا کے برابر کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اس کا نوٹیفیکشن جاری نہیں کیا گیا۔

احتجاجی ڈاکٹرز کے مطابق انہوں نے حکومتی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کر کے مہلت دی لیکن کچھ نہیں ہوا لہذا تمام او پی ڈیز کے ساتھ ساتھ او ٹیز بھی بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھی ینگ ڈاکٹرز نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے کئی روز تک احتجاج کیا تھا،جس کے بعد 29 جنوری کو سندھ حکومت نے ہڑتال پر بیٹھے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات منظور کرتے ہوئے ان کے الاؤنسز میں اضافہ کر دیا تھا۔