رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت کی سائنسی پیشگوئی

02:15 PM, 13 Feb, 2026

اسلام آباد : پاکستانی اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیرک ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت کے بارے میں سائنسی پیشگوئی جاری کی ہے۔ سپارکو کے ترجمان کے مطابق، نیا چاند 17 فروری 2026 کو شام 5:01 (پاکستان سٹینڈرڈ ٹائم) پر پیدا ہوگا۔ 18 فروری 2026 کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی۔

ترجمان کے مطابق، ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان دورانیہ تقریباً 59 منٹ متوقع ہے۔ فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر، 18 فروری 2026 کی شام چاند کے نظر آنے کے امکانات روشن ہیں، جس کے نتیجے میں یکم رمضان 19 فروری 2026 کو شروع ہونے کا امکان ہے۔

تاہم، اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کرے گی، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی مستند شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس 18 فروری 2026 کو پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اس اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کریں گے، جس میں رمضان کے چاند کی رؤیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں مرکزی و زونل رؤیت ہلال کمیٹی پشاور کے ممبران، وزارت مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات، اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

مزیدخبریں