راولپنڈی :ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے بحری جہاز پی این ایس خیبر نے ترکیہ کی اکساز نیول بیس کا اہم دورہ کیا ہے، جہاں اس نے ترک بحریہ کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوں میں حصہ لے کر دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو نئی جلا بخشی۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق پی این ایس خیبر نے ترک بحریہ کے ساتھ مل کر مشق 'ترگت رئیس 8' میں شرکت کی۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
سمندری حدود میں باہمی تعاون اور حربی تال میل میں اضافہ کرنا ہے۔ پی این ایس خیبر اور ترک بحریہ کے جہازوں نے سمندر میں مختلف آپریشنل مشقیں کیں۔
دورے کے دوران پی این ایس خیبر کے کمانڈنگ آفیسر نے ترک سدرن سی ایریا کمانڈر سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران درج ذیل امور زیرِ بحث آئے۔ دونوں ممالک کے درمیان بحری شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔خطے میں سمندری سلامتی اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک بحریہ کے اعلیٰ حکام نے پی این ایس خیبر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں جہاز کی جدید حربی صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ترک حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی رشتوں کی علامت قرار دیا۔
پاک بحریہ کے جہاز 'پی این ایس خیبر' کا دورہ ترکیہ، مشترکہ بحری مشق 'ترگت رئیس 8' میں شرکت
07:01 PM, 13 Feb, 2026