کراچی : سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے تعمیراتی شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ عمارتوں کی حفاظت کے حوالے سے بڑی ذمہ داری حکومت کی ہے اور اس نظام میں بہتری کی اشد ضرورت ہے۔سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے انکشاف کیا کہ گل پلازہ کی تعمیر میں بلڈنگ قوانین کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔
انتظامیہ کو پہلے ہی وارننگ دی گئی تھی مگر انہوں نے عملدرآمد نہیں کیا، جس کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔آگ لگنے کے وقت عمارت میں 4 ہزار افراد موجود تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ آئے گا، حکومت اسے من و عن قبول کرے گی۔
سینئر وزیر نے پاکستان میں تعمیراتی معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی 90 فیصد عمارتیں گل پلازہ جیسی غیر محفوظ ہو سکتی ہیں۔ہم تعلیم تو دیتے ہیں مگر قوانین پر عملدرآمد نہیں کرپاتے۔ عمارتوں میں آج تک پلمبنگ جیسے مسائل حل نہیں ہوئے اور نہ ہی تعمیر سے پہلے زمین کی جانچ کی جاتی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر عمارت میں ہنگامی نکاس (Fire Exit) کا مکمل نظام ہونا لازمی ہے۔شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ حکومت کسی کی کوتاہی نہیں چھپائے گی اور درج ذیل اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شہر کی تمام عمارتوں کا مکمل سروے کیا جا رہا ہے تاکہ کمزوریوں کی نشاندہی ہو سکے۔
سانحہ کی تحقیقات میں ذمہ داروں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے زور دیا کہ معاشرے کو ٹھیک کرنا صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
حکومت اپنی ذمہ داری تسلیم کرتی ہے، کسی کی کوتاہی نہیں چھپائی جائے گی: سینئر وزیر شرجیل میمن
04:35 PM, 13 Feb, 2026